حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبرِ انقلابِ اسلامی ایران کے نمائندے حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی نے این ڈی ٹی وی ورلڈ سمٹ 2026 کے موقع پر عالمی ہندو مذہبی و سماجی تنظیم "بی اے پی ایس" کے بین الاقوامی ترجمان اور ابوظہبی میں واقع بی اے پی ایس ہندو مندر کے سربراہ برہماویہاری سوامی جی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں مذہبی رہنماؤں نے عالمی امن، بین المذاہب مکالمے، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں مذہب کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں مذہبی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے تصادم اور اختلافات کے بجائے بات چیت، ایک دوسرے کے نظریات کا احترام اور مشترکہ انسانی اقدار کو اہمیت دینا ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران برہماویہاری سوامی جی نے ایران اور اس کے عوام سے اپنی محبت اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایران اور اس کے عوام کے لیے دعا کرتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان قربت بڑھانے میں مذہبی رہنماؤں اور برادریوں کی ذمہ داری پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمدردی، عدل و انصاف، باہمی افہام و تفہیم اور انسانی وقار کا احترام، امن اور ہم آہنگی کے قیام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
اس ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مختلف مذاہب کے رہنماؤں کے درمیان رابطے اور مکالمے سے غلط فہمیوں اور اختلافات کو کم کرنے، اتحاد کو مضبوط بنانے اور مختلف برادریوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔










آپ کا تبصرہ